نئی دہلی، 13اگست؍ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بی جے پی لیڈر رام مادھو نے وادی میں لوگوں کے خدشات کی تشخیص کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ جب ہندوستان کہتا ہے کہ کشمیر ہمارا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کشمیری بھی ہمارے ہیں۔پارٹی جنرل سکریٹری نے کہا کہ پورا ملک جموں و کشمیر خاص طور پر وادی کے لوگوں کے درد کو محسوس کرتا ہے اورشریک ہوتاہے۔انہوں نے یہ تبصرہ کل کشمیر پر ہوئی کل جماعتی میٹنگ سے پہلے مرکزی حکومت کے ساتھ شیئر کئے ایک نوٹ میں کیا ہے۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جو لوگ اس ایجنڈے کیلئے موہرا بنتے ہیں ان میں سے زیادہ تر معصوم ہوتے ہیں اور بہت سے معاملات میں نوجوان، نوعمر ہوتے ہیں جبکہ اکسانے والوں کے بچے مغربی ممالک کے دارالحکومتوں میں مزے سے زندگی جیتے ہیں۔مادھو نے کہا کہ پورا ملک جموں و کشمیر خاص طور پر وادی کے لوگوں کے درد کو محسوس کرتا ہے اورشریک ہوتا۔جب ہم کہتے ہیں کہ کشمیر ہمارا ہے تو ہم صرف علاقے کی بات نہیں کرتے، یہ آبادی کے بارے میں بھی ہے، یہ لوگوں کے بارے میں بھی ہے،کشمیر ہمارا ہے، اس کا مطلب کشمیری بھی ہمارے ہیں۔